کمالیہ :سڑکوں اور گلیوں میں سیوریج کا گندا پانی جمع ،شہری پریشان

کمالیہ (نمائندہ دنیا )محلہ بلال گنج،کرسچین کالونی و ملحقہ آبادیوں میں سیوریج کا گندا پانی سڑکوں، گلیوں میں جمع ،بدبو،تعفن اٹھنے اور مچھروں کی بہتات سے علاقہ مکین ذہنی اذیت و مختلف وبائی امراض کا بھی شکار ہونے لگے ۔
تفصیلات کے مطابق کمالیہ میں کرسچین کالونی ، بھلا چوک، لالا والا چوک میں سیوریج کی بندش سے سڑکوں ، گلیوں میں گندا پانی جمع ہونے سے علاقہ مکین شدید مشکلات سے دو چار ہو گئے ہیں جبکہ چرچ روڈ پر گندا پانی جمع ہونے سے مقامی لوگوں کو عبادت کیلئے چرچ جانے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ، سیوریج کے گندے پانی سے اٹھنے والے تعفن ، مکھیوں اور مچھروں کی بہتات سے بچے ،بوڑھے ، جوان موذی امراض ملیریا، ڈائریا،ہیپاٹائٹس سمیت دیگر امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ سے فوری نوٹس لے کر اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔