چنیوٹ :فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائیاں جاری

چنیوٹ :فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائیاں جاری

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )پنجاب فوڈ اتھارٹی چنیوٹ نے ملاوٹ مافیا کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم رضا کی زیرنگرانی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے اشیائے ضروریہ کے معیار کی جانچ کیلئے 141 فوڈ بزنسز کا معائنہ کیا اور55 فوڈ بزنسز کوحفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر اصلاحاتی نوٹسز جاری کئے ۔انہوں نے بتایا کہ 4 فوڈ پوائنٹس سے اشیاء کے نمونے حاصل کرکے تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھجوادیئے ،16 فوڈ بزنسز کو 1 لاکھ 43 ہزار روپے کے جرمانے عائد اورلیبارٹری تجزیہ رپورٹ کے مطابق جوس اور پانی کے نمونہ جات فیل ہونے پر ٹریڈر مالک کے خلاف مقدمہ درج کرادیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ 960 لٹر پانی اور 510 لٹر جوس بحق سرکار ضبط کرلیا گیا۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے دودھ کے معیار کی جانچ کے لئے 51 انسپکشنز بھی کیں اس دوران 15 ہزار 715 لٹر دودھ کی جدید لیکٹوسکین مشین کی مدد سے موقع پر جانچ کی گئی اورنمونے فیل ہونے پرموقع پر جرمانہ عائد اور 150 لٹر مضر صحت دودھ ضائع کردیا گیا۔اسی طرح21 کلوگرام سے زائد ممنوع(Baned)اور ایکسپائرڈ اشیاء موقع پر تلف کی گئیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم رضا نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی ہدایات پر کارروائیوں کا تسلسل جاری اور عوام الناس کو معیاری اشیائے خورونوش کی دستیابی کے لئے ٹیمیں ہمہ وقت سرگرم عمل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں