ایل پی جی پر پابندی ، مذاکرات سے کئے جائیں :رکشہ یو نین

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پاسبان رکشہ، ٹیکسی ڈرائیورز یونین پنجاب کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں اعجاز حسین نے کہا ہے کہ ایل پی جی گیس کے استعمال پر پابندی سے متعلق انتظامیہ زبردستی فیصلے نہ مسلط کرے بلکہ مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کیا جائے ۔
ضلعی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو فیصل آباد کی سڑکوں پر انسانوں کا سمندر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں 28 ہزار آٹو کیب رکشہ ڈرائیورز کے بچے فاقہ کشی کا شکار ہو رہے ہیں، ہم پرامن لوگ ہیں لیکن بچوں کو بھوکا مرتا نہیں دیکھ سکتے ۔ انتظامیہ بلاجواز گیس سلنڈروں کیخلاف کارروائی میں مصروف ہے ، حالانکہ معیار اور سیفٹی کو یقینی بنا کر نظام جاری رکھا جا سکتا ہے ۔ میاں اعجاز نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت سے فیصلے کرے ، گیند اب انتظامیہ کے کورٹ میں ہے یا تو پرامن حل چنے یا عوامی ردعمل کے لیے تیار رہے ۔