لالیاں:گرمی کی شدت بڑھتے ہی برف نایاب ،شہری پریشان

لالیاں (نمائندہ دنیا )گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی برف نایاب ،شہری پریشان۔تفصیلات کے مطابق لالیاں اور نواح میں گرمی کی شدت نے شہریوں کو بے حال کر دیا ، چلچلاتی دھوپ اور گرم لو کی وجہ سے ٹھنڈے مشروبات کی مانگ بڑھ گئی۔۔۔
ریڑھی ٹھیلوں پر گاہکوں کا رش نظر آنے لگا جبکہ سخت گرمی اور بجلی کے لوڈ میں کمی کے باعث برف کی پیداوار میں بھی واضح کمی ہوگئی اور شہری دن بھر برف کی تلاش میں مارے مارے پھررہے ہیں،اس دوران موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے برف فروشوں نے بھی من مرضی کے ریٹ مقرر کر رکھے ہیں ، تھوڑی مقدار میں برف خریدنے والے گاہکوں کو ٹال دیا جاتا ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سبزی گوشت کے نرخوں کی طرح برف کی ریٹ لسٹ جاری کی جائے تاکہ غریب شہری بھی ٹھنڈے پانی سے استفادہ کر سکیں۔