کمالیہ میں بھی وقفے وقفے سے بارش ، موسم خوشگوار

کمالیہ،جکھڑ (نمائندہ خصوصی،سٹی رپورٹر )کمالیہ شہر اور گرد و نواح میں بھی وقفے وقفے سے بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ۔
شدید گرمی سے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ۔تفصیلات کے مطابق کمالیہ اور مضافاتی علاقوں میں گزشتہ روز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ، جس کے نتیجے میں کئی دنوں سے پڑنے والی شدید گرمی کی شدت میں واضح کمی ہو گئی ، موسم میں ٹھنڈک کے باعث فضا خوشگوار ہوگئی جبکہ تیز دھوپ اور حبس کی جگہ ٹھنڈی ہوائیں اور ہلکی پھوار نے لے لی ، تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش نے موسم کو نہ صرف خوشگوار بنایا بلکہ معمولاتِ زندگی میں بھی بہتری آئی ہے ۔ بازاروں، گلیوں اور چوراہوں پر روزمرہ کے معمولات میں بھی ہلچل نظر آنے لگی ، جبکہ کئی افراد موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے گھروں سے باہر نکل آئے ہیں۔