مئی میں میثاق سنٹر چناب نگر سے 3 ہزار افراد مستفید

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔
گزشتہ ایک ماہ کے دوران میثاق سنٹر چناب نگر سے 3 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے ،یہاں اقلیتی برادری کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے ، اقلیتی برادری کی سہولت کیلئے خدمت مرکز کی 15 پولیس سروسز بھی میثاق سنٹر سے فراہم کی جا رہی ہیں ۔ جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق مئی میں میثاق سنٹر چناب نگر سے 1300 لرنر پرمٹ ، 1225 ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے ۔ ایک ماہ میں27 پولیس ویریفیکیشن،122 پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹس،24 کرایہ داری اندراج و دیگر پولیس سروسز فراہم کی گئی۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او چنیوٹ عبداﷲاحمد کا کہنا تھا کہ میثاق سنٹر میں جدید تقاضوں کے مطابق اقلیتی برادری کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ اقلیتوں کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے میثاق سنٹر قائم کیا گیا جہاں پر اقلیتوں کے تمام مسائل حل کیے جار ہے ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان کے تمام شہری برابر ہیں اور ان کی جان، مال اور عزت کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔