حضرت عثمان غنیؓ کا دور خلافت اصلاحات کا مجموعہ :پیر آصف

فیصل آباد(سٹی رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر و ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیرمیاں محمد آصف رضا قادری نے کہا ہے کہ حضرت عثمان غنیؓ کا دور خلافت بے مثال اصلاحات کا مجموعہ ہے۔۔۔
اسلامی تاریخ تاقیامت آپ ؓکی خدمات پر فخر کرتی رہے گی،اسلام کی ترقی اور ترویج و اشاعت کیلئے آپؓ کی خدمات گراں قدر ہیں،مسلمانوں کو باہمی اختلافات سے بچانے کی خاطر آپ ؓنے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت عثمان غنیؓ کے یوم شہادت کے سلسلہ میں منعقد ہ “عظمت و شان سیدنا حضرت عثمان غنی ؓسیمینار”سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈویثرنل جنرل سیکرٹری حافظ محمد یاسر قادری والمدنی، میاں محمد فیاض قادری، میاں عادل قادری، حافظ احمد رضا چشتی،محمد رمضان قادری،رضا حسین جٹ، محمد عرفان قادری، حافظ فیض رسول٬ اسامہ بھٹی ودیگر بھی موجودتھے ۔ پروفیسر پیرمیاں محمد آصف رضا قادری نے مزید کہا کہ سیدنا حضرت عثمان غنی ؓکی حیات طیبہ عام آدمی سے لیکر حکمرانوں تک سب کیلئے مشعل راہ ہے ، صحابہ کرام و اہلبیت کی سیرت کا مطالعہ کرنے سے انسان میں شعور پیدا ہوتا ہے ،سیرت سیدنا حضرت عثمان ؓکی پیروی کرتے ہوئے مسلمانوں میں اتحاد کی فضا ءقائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ،معاشرتی برائیوں کے خاتمے کیلئے آپؓ کی تعلیمات سے بہرہ ور ہونا ہوگا، خلفائے راشدین کی سیرت طیبہ سے ہر مسلمان کو آشنا ہونے کی ضرورت ہے ۔ تقریب کے آخر میں ملکی ترقی سلامتی و استحکام اور ملکی معاشی مشکلات کے جلد حل کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔