ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنارہے:نورالامین مینگل

 ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنارہے:نورالامین مینگل

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پنجاب نورالامین مینگل نے کہا ہے کہصوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔۔۔

عوامی خدمت سے جڑے ان منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت، تاخیر یا بدعنوانی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز واسا فیصل آباد کے مرکزی دفتر کے ہنگامی دورے کے دوران منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا، اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری، ایم ڈی واسا عامر عزیز، ڈی جی پی ایچ اے دلاور خان سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے ۔ اجلاس میں شہر میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں، سیوریج اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں اور شہری سہولیات کی بہتری کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ شہریوں کو پینے کا صاف پانی اور جدید سیوریج نظام کی فراہمی کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار اور معیار کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے ، اسی ویژن کے تحت پنجاب میں واسا کے مزید 10 اداروں کے قیام کا منصوبہ تشکیل دیا جا رہا ہے تاکہ بنیادی سہولیات کا دائرہ صوبے کے ہر کونے تک وسیع کیا جا سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ واسا کے تحت ڈیڑھ سو ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جن کی تیزی سے کامیاب تکمیل کی خود نگرانی کریں گے ۔ سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کیلئے کوالٹی ایشورنس کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جبکہ تکنیکی اور فنی پہلوؤں کی کڑی نگرانی کیلئے محکمانہ سطح پر خصوصی مانیٹرنگ سیلز بھی قائم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے دوران لوگوں کی سہولتوں اور شہری حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے ، تاخیر کے شکار یا غیر ضروری زیر التواء منصوبوں کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں