ڈپٹی کمشنرکی زیر صدارت اقبال سٹیڈیم مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس

ڈپٹی کمشنرکی زیر صدارت اقبال سٹیڈیم مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر)ندیم ناصر کی زیر صدارت اقبال سٹیڈیم مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سٹیڈیم کی تعمیر و ترقی، دکانوں کی نیلامی، فلاحی اقدامات اور انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) طیب سمیع،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(فنانس اینڈ پلاننگ) فضل عباس،کیئرٹیکر نوید نذیر کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اقبال سٹیڈیم میں قائم دکانوں کی باقاعدہ نیلامی کے عمل کو شفاف طریقے سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نیلامی سے حاصل شدہ آمدن سٹیڈیم کی بہتری اور عوامی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی۔اجلاس میں مرحوم ملازم کی بیٹی کے وظیفہ میں مزید اضافہ کرکے میٹرک تک تعلیمی اخراجات ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اٹھانے کی منظوری بھی دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی حکومت اپنے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتی ہے ۔اجلاس کے دوران اقبال سٹیڈیم کو انٹرنیشنل کرکٹ کے معیار کے مطابق بہتر بنانے کے لیے بھی جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سٹیڈیم کے انفراسٹرکچر کی بہتری، سکیورٹی انتظامات، صفائی، پویلین، نشستوں، لائٹس، ڈریسنگ رومز اور دیگر سہولیات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت جاری کی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ فیصل آباد کرکٹ کے حوالے سے ایک اہم شہر ہے اور یہاں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے ،اقبال سٹیڈیم کوجدید سہولیات سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ،عوامی تفریح اور کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں