کئی آبادیوں میں بجلی کی سہولت دستیاب نہیں :ریاض فتیانہ

جکھڑ (سٹی رپورٹر )رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں ہندوستان اور پاکستان کے مابین جنگ میں افواج پاکستان کے بہترین کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں خیالات کا اظہار کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے حلقہ کیلئے 2021 میں ویلیج الیکٹریفیکیشن کیلئے فیسکو کو کروڑوں روپے کے فنڈز جاری ہوئے مگر وہ کام ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا اور آج کے دور میں بھی ایسی آبادیاں موجود ہیں جہاں بجلی کی سہولت دستیاب نہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد ایکسپریس ہائی وے کا منصوبہ منظور ہوا تھا جس کے لئے اربوں روپے کا فنڈ جاری ہوا مگر یہ ایکسپریس ہائی وے ابھی تک نہیں بنائی گئی جس سے آئے روز ٹریفک حادثات میں اضافہ ہو رہاہے ۔ یہ منصوبے حکومت نے بند کروائے اور میرا مطالبہ ہے کہ موجودہ حکومت ان منصوبوں کو بحال کرتے ہوئے ان پر کام مکمل کروائے ، حلقہ میں یونیورسٹی آف کمالیہ قائم کی مگر افسوس کہ ابھی تک اس یونیورسٹی کے لئے ایک روپے کا فنڈ بھی جاری نہیں کیا گیا ۔