11 ماہ :ٹیکسٹائل برآمدات گزشتہ برس کے مقابلہ میں واضح بڑھ گئیں

11 ماہ :ٹیکسٹائل برآمدات گزشتہ برس کے مقابلہ میں واضح بڑھ گئیں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)مالی سال 2024-25 کے 11 ماہ کے دوران پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں گزشتہ برس کے مقابلے میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

جولائی 2024 سے مئی 2025 تک ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات 16.48 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 15.24 ارب ڈالر کے مقابلے میں 8.4 فیصد زیادہ ہیں ، تاہم بنیادی ٹیکسٹائل اشیاء کی برآمدات بدستور دباؤ کا شکار رہیں ۔تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے دوران پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو عالمی سطح پر بڑھتی مانگ، حکومتی پالیسیوں میں کچھ بہتری اور خام مال کی دستیابی نے مدد فراہم کی ۔ ابتدائی چھ ماہ یعنی جولائی سے دسمبر 2024 کے دوران برآمدات 9.08 ارب ڈالر تک پہنچیں جو گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں 9.6 فیصد زیادہ تھیں۔ جنوری 2025 میں ٹیکسٹائل برآمدات 1.69 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ تھیں تاہم فروری میں یہ 1.4 ارب ڈالر تک گر گئیں۔ مئی 2025 میں حجم 1.56 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ برس مئی میں 1.32 ارب ڈالر کے مقابلے میں 18 فیصد زیادہ ہے ۔ یوں مجموعی طور پر مالی سال کے 11 ماہ ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے لحاظ سے تسلی بخش رہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات میں 21.9 فیصد، نٹ ویئر میں 18.2 فیصد، بیڈویئر میں 14.7 فیصد جبکہ تولیوں کی برآمدات میں 6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے برعکس کاٹن یارن اور کاٹن کلاتھ جیسے بیسک ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں کمی دیکھنے میں آئی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں