ٹوبہ:فوڈ اتھارٹی نے برآمد مضر صحت اشیاء تلف کر دیں
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے ضلع بھر سے قبضہ میں لی گئی مضر صحت اشیاء ایڈیشنل ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی فیصل آباد امتیاز حسین کی زیر نگرانی تلف کر دی گئیں۔۔۔
جن میں نمایاں طور پر غیر معیاری کولڈ ڈرنکس، ملاوٹ شدہ لال مرچ، ناقص کیچپ، غیر تصدیق شدہ نمکو، مضر صحت بیسن اور پرانا تیل شامل ہے ، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی یاسر مشتاق نے فوڈ سیفٹی ٹیمز کی جانب سے ضلع میں کی جانے والی حالیہ سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ کے دوران بتایا کہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والی اور غیر معیاری خوراک کی اشیاء کے خلاف موثر کارروائیاں جاری ہیں ۔ایڈ یشنل ڈائریکٹر امتیاز حسین نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی شہریوں کو صاف ستھری، صحت بخش اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے ، کسی کو بھی شہریوں کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک یا غیر معیاری خوراک کی اطلاع فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کو دیں، تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔