گڑھ مہاراجہ:ڈائریکٹر زراعت کا کپاس کے کھیتوں کا معائنہ

گڑھ مہاراجہ (نمائندہ دنیا )ڈائریکٹر زراعت پیسٹ وارننگ اینڈ کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز ذوالفقار علی غوری نے ڈپٹی ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن جھنگ محمد عمران کے ہمراہ تحصیل احمد پور سیال کا دورہ کیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت مصطفیٰ طاہر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز شوکت عباس کی جانب سے انہیں کپاس کے کھیتوں کا معائنہ کروایا گیا اور کسانوں سے ملاقات کروائی گئی ۔ انہوں نے کسانوں کو علاقائی فصلات بارے رہنمائی دی اور پیداوار کو زیادہ سے زیادہ حاصل کرنے کیلئے مشورے بھی دیئے ۔ آئی پی ایم نمائشی پلاٹ چودھری عبد القادر گجر کا بھی وزٹ کروایا گیا جہاں کپاس کی شاندار فصل پائی گئی جو کسی بھی قسم کی بیماری یا کیڑے مکوڑے کے حملے سے محفوظ تھی، جس کی پہلی چنائی بھی ہو چکی تھی ۔ڈائریکٹر زراعت ذوالفقار علی غوری نے انہیں شاباش دی ۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو کی ہدایات پر کپاس کی بہتر پیداوار کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں، اس ضمن میں تحصیل سطح پر کسان سہولت سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں معیاری زرعی زہریں، سپرے مشینری رعایتی نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں،سہولت سنٹرز پر مشاورتی کاونٹرز قائم کئے گیے تاکہ کاشتکاروں کی بھرپور رہنمائی ممکن ہو سکے ۔