بچیانہ :ریسکیو1122سٹیشن کے قیام کیلئے اراضی کا تعین شروع

بچیانہ(نمائندہ دنیا )بچیانہ میں ریسکیو1122سٹیشن کے قیام کیلئے اراضی کا تعین شروع کردیا گیا۔ کوآرڈینیٹر پی پی 100کے ہمراہ ریسکیو 1122آفیسرز کا بچیانہ کا دورہ، مین روڈ پر 2 مختلف آپشنز پر غور۔
تفصیلات کے مطابق ایم پی اے سردار حاجی خان بہادر ڈوگر کی تجویز پر بچیانہ میں ریسکیو1122سٹیشن کے قیام پر عملدرآمد شروع ہوگیا ، گذشتہ روز اسٹیشن کوآرڈینیٹرآفتاب احمد اور ریسکیو سیفٹی آفیسر محمد شاہد نے کوآرڈینیٹرحلقہ پی پی 100 سردار اصغر ڈوگر کے ہمراہ ریسکیو کی بلڈنگ کی تعمیر کیلئے تھانہ بچیانہ سے ملحقہ اراضی اور اڈہ نور شاہ پر وزٹ کیا، اس موقع پر صدر بچیانہ پریس کلب الحاج میاں محمد رفیق طاہر ، سید مقدس حسین زیدی، عابد حسین ملک، سید محسن عباس، سردار فرمان علی ڈوگر اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ریسکیو آفیسرز نے دونوں مامات پر موجود اراضی کا محل وقوع اور تفصیلات حاصل کرکے اس پر ورک شروع کردیا ۔اس موقع پر سردار اصغر ڈوگر نے کہاکہ بہت جلد ریسکیو سٹیشن کی بلڈنگ کی تعمیر کا کام شروع ہوجائے گا اور کوشش ہوگی یہ سٹیشن شہر کے نزدیک بنایا جائے جہاں سے قریبی دیہات میں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو آپریشن میں خلل نہ پڑے ۔