محکمہ لائیوسٹاک مویشیوں کو کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے متحرک
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)سیکرٹری لائیوسٹاک حکومت پنجاب احمد عزیز تارڑ کی خصوصی ہدایات پر محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ (L&DD)ڈویژن فیصل آباد کی جانب سے کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے بھرپور آگاہی مہم اور عملی اقدامات جاری ہیں۔۔۔
ڈویژن بھر میں ویٹرنری ہسپتالوں ، ڈسپنسریوں میں مویشی پال افراد کو کسان لائیو سٹاک بیٹھک، فیلڈ ڈیز، فارمر ڈیز اور دیگر ذرائع سے بیماری سے بچاؤ کیلئے رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے ۔اس ضمن میں موبائل ویٹرنری ڈسپنسریوں، موبائل ٹریننگ سکول بس آگاہی پروگرامز، ریڈیو ٹاکس اور دیگر ذرائع ابلاغ کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام اور کسان برادری کو حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا جا رہا ہے ۔اسی حوالے سے ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد قیصر خلیق کے ہمراہ گزشتہ روز مویشی منڈی نیامو آنہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جانوروں پر چچڑ مار سپرے کی نگرانی خود کی، یہ اقدام چچڑوں کے ذریعے پھیلنے والی موذی بیماریوں بالخصوص کانگو وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کیلئے کیا گیا۔اسی طرح ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ضلع جھنگ ڈاکٹر احسان اکبر نے بھی ضلع جھنگ کی مویشی منڈیوں کا دورہ کیا اور چچڑ مار سپرے کی نگرانی کی۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے سول ویٹرنری ہسپتال فیصل آباد کے کانفرنس روم میں منعقدہ اہم اجلاس میں شرکت کی جس میں کانگو بخار کی روک تھام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں انہوں نے آگاہی واک میں بھی شرکت کی اور عوام الناس کو پیغام دیا کہ محکمہ لائیو سٹاک کانگو بخار کی روک تھام کیلئے الرٹ اور متحرک ہے ۔