چنیوٹ میں بھی کلینک آن ویل پروگرام فیزٹو کا افتتاح

چنیوٹ میں بھی کلینک آن ویل پروگرام فیزٹو کا افتتاح

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت ضلع چنیوٹ میں بھی کلینک آن ویل پروگرام کے فیزٹو کا افتتاح کردیا گیا۔دوسرے مرحلے میں ضلع کو 9 نئی جدید ترین ایئرکنڈیشنڈ وین فراہم کردی گئیں۔۔۔

مجموعی طور پر 14گاڑیاں کلینک آن ویل پروگرام میں شامل ہوگئی ہیں،کلینک آن ویل کا دائرہ شہر سے بڑھا کر تحصیلوں اور دوردراز علاقوں تک بڑھادیا گیا۔ڈپٹی کمشنر صفی اﷲگوندل نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں دوسرے مرحلے کا افتتاح کیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثاقب منیر،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر زوہیب اور دیگر ڈاکٹرز وافسران موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے وہیکلز کی چابیاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ڈاکٹرز کے حوالے کر دیں ۔ڈپٹی کمشنر نے نئی گاڑیوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور موجودہ طبی آلات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ڈاکٹرز وطبی عملے سے گفتگو کی اور انکی خدمات کو سراہا۔انہوں نے ڈاکٹرز اور عملے کو مزیدتندہی اور لگن سے عوامی خدمت جاری رکھنے کی تلقین کی۔انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل مائیکروپلان کے ذریعے کلینک آن ویل گھر گھر پہنچے گی جس کے لئے جامع شیڈول ترتیب دیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ کلینک آن ویل کے ذریعے طبی ماہرین سے معائنہ اور بنیادی ٹیسٹوں کی سہولت ملے گی۔علاوہ ازیں حاملہ خواتین کا معائنہ، الٹراساؤنڈ،خاندانی منصوبہ بندی کے طریقوں کی فراہمی،ماں اور بچہ کا معائنہ اور سکریننگ کے علاوہ بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات اور غذائی قلت کے شکار بچوں کا علاج پراجیکٹ میں شامل ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پراجیکٹ کے تحت عوام کو صحت کی بہترین سہولتوں تک رسائی یقینی ہوگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں