الائیڈ ہسپتال ٹو : الٹرا ساؤنڈ ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر مشینیں بند کرکے ڈیوٹی سے غائب رہنے لگے

فیصل آباد(بلال احمد سے )الائیڈ ہسپتال ٹو کی او پی ڈی میں الٹرساؤنڈ ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر مشینیں بند کرکے ڈیوٹی سے غائب رہنے لگے ۔
شدید گرمی میں لمبی قطاروں میں لگے مریضوں کا برا حال، بجلی کی بار بار بندش نے صورتحال کو مزید تکلیف دہ بنا دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق الٹراساؤنڈ ڈیپارٹمنٹ میں نہ صرف مشینیں اکثر اوقات بند رہتی ہیں، بلکہ متعلقہ ڈاکٹرز بھی ڈیوٹی کے اوقات کے دوران اپنی نشستوں سے غیر حاضر پائے جاتے ہیں۔ مریض، بالخصوص بزرگ، خواتین اور دور دراز سے آئے افراد ہاتھوں میں الٹراساؤنڈ ٹیسٹ کی پرچیاں تھامے گھنٹوں کھڑے رہنے پر مجبور دکھائی دیتے ہیں۔ مریضوں کا کہنا ہے صبح لائن میں لگنے کے باوجود انہیں الٹراساؤنڈ کی سہولت وقت پر میسر نہیں آتی۔ بار بار رجوع کرتے ہیں مگر جواب ملتا ہے ڈاکٹر موجود نہیں، یا مشین بند ہے ۔ صورتحال اس وقت مزید ابتر ہو جاتی ہے جب شدید گرمی اور بار بار بجلی کی بندش کا سامنا بھی مریضوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے ۔ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے ڈاکٹر کی نشست خالی ہے اور مشینیں بند پڑی ہیں، جبکہ مریض قطاروں میں انتظار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ تمام تر صورتحال میں ہسپتال انتظامیہ کی خاموشی سوالیہ نشان بن چکی ہے ۔ شہریوں نے وزیر صحت، کمشنر اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ہسپتال میں بنیادی سہولیات کی بحالی اور ڈاکٹرز کی حاضری یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اس حوالے سے ایم ایس کی جانب سے کوئی مؤقف نہیں دیا گیا۔