گوجرہ :انتظامیہ کی غفلت، ہرجگہ کوڑے کے ڈھیر،شہری پریشان

گوجرہ :انتظامیہ کی غفلت، ہرجگہ کوڑے کے ڈھیر،شہری پریشان

گوجرہ(نما ئندہ دُنیا )گوجرہ میں انتظامیہ کی لاپرواہی کے باعث محلوں میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر ،نالیوں کا گندا پانی گلیوں میں جمع، مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے تحصیل گوجرہ میں بھی ستھراپنجاب پروگرام کے تحت ایک پرائیویٹ کمپنی کو اربوں روپے کا ٹھیکہ دیا مگرنجی کمپنی کے ملازمین کی عدم دلچسپی اور لاپرواہی کے باعث صفائی ستھرائی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیاہے ۔ گلیوں ،بازاروں اور محلوں میں صفائی نام کی کوئی چیزدکھائی نہیں دے رہی ۔محلہ انصار کالونی، شریف پورہ ،حسینیہ کالونی،جمیل پارک ،علی پارک اور حفیظ پارک سمیت دیگر علاقوں میں جگہ جگہ کوڑاکرکٹ کے ڈھیر لگے ہیں اور سیوریج سسٹم بند ہونے سے نالیوں کا گندا پانی گلیوں میں کھڑا ہو چکا ہے جس کی وجہ سے اہل علاقہ انتہائی اذیت اور پریشانی کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں۔ شہری میونسپل کمیٹی میں شکایا ت درج کراتے ہیں تو انہیں جواب ملتا ہے یہ ستھرا پنجاب کمپنی کی ذمہ داری ہے ،دوسری طرف نجی کمپنی مجرمانہ غفلت کا شکار ہو چکی ہے ۔ عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب ،ڈویژنل کمشنر ،ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ اورا سسٹنٹ کمشنر سمیت دیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لے کر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں