ضلعی انتظامیہ کی اسلحہ لا ئسنس برانچ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے انکشافات
فیصل آباد(عبدالباسط سے )ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام چلنے والے اسلحہ لائسنس برانچ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے انکشافات،اسلحہ برانچ کے دہائیوں پرانے ریکارڈ میں مبینہ طور پر رد و بدل کرتے ہوئے۔۔۔
قریبی تعلقات کے حامل اور مبینہ بھاری نذرانے ادا کرنے والے شہریوں کے اسلحہ لائسنس تیار کئے گئے ،اینٹی کرپشن ٹیم نے ۔اسلحہ لائسنس برانچ کے ریکارڈ میں مبینہ طور پر رد و بدل کرنے والے سینئر کلرک کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کر دیں ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام ڈپٹی کمشنر دفتر میں چلنے والی اسلحہ لائسنس برانچ میں تعینات افسران اور ملازمین کی جانب سے مبینہ طور پر دہائیوں پرانے ریکارڈ میں رد و بدل کرتے ہوئے ‘‘نذرانہ ’’لے کر مبینہ طور پر بوگس اور جعلی اسلحہ لائسنس جاری کردیئے جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسلحہ لائسنس برانچ کے سے متعلق چار سے پانچ سال قبل بھی ایک واقعہ رپورٹ ہوا تھا جب جعلی اور بوگس اسلحہ لائسنس تیار کئے گئے تھے اور تھانہ غلام محمد آباد نے مقدمہ بھی درج کیا تھا۔ چند روز قبل بھی اینٹی کرپشن ٹیم نے اسلحہ لائسنس برانچ کے سینئر کلرک مقصود احمد زاہد کو گرفتار کیا تھا جس نے مبینہ طور پر برانچ کے پرانے ریکارڈ کو ٹیمپر کر کے جعلی اور بوگس لائسنس جاری کئے تھے ۔ جعلی اور بوگس اسلحہ لائسنس جاری کرنے کے واقعات کی وجہ سے پرانے جاری کردہ لائسنسوں سے متعلق شکوک و شبہات پیدا ہو گئے ۔ ذرائع نے دعویٰ کیاہے کہ اسلحہ لائسنس برانچ میں تعینات افسران اور ملازمین مبینہ طور پر ماہانہ اکٹھی کی جانے والی بھاری رقوم اوپر سے نیچے تک کے عہدوں کے حساب سے تقسیم کی جاتی ہے ۔ معاملے پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خالد کنور کے مطابق تمام پہلوؤں سے معاملے کی انکوائری کرتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کرنے کے بعد ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔