ایف ڈی اے کی بجٹ تجاویز کی تیاریاں آخری مراحل میں
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی ہدایات پر نئے مالی سال کی بجٹ تجاویز کی تیاریاں آخری مرحلہ میں پہنچ گئیں ہیں۔
اس سلسلے میں بجٹ کے مجوزہ اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حمیرا اشرف، ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی افضال انصاری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریکوری میاں اختر ودیگر افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بجٹ تجاویز میں آمدن و اخراجات کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور اس امر کا اظہار کیا گیا کہ ادارہ کا مالی استحکام ترجیحات میں شامل ہے جس کے ریونیو میں اضافہ ناگزیر ہے لہذانئے بزنس ماڈلز کی پلاننگ کیلئے محکمانہ اقدامات پر خصوصی توجہ مرکوز ہونی چاہیے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ غیر ترقیاتی اخراجات میں خاطر خواہ کمی کے اقدامات بجٹ تجاویز میں شامل کئے جا رہے ہیں جبکہ شہری ترقی اور عوامی بہبود کے منصوبوں کومقدم رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے شعبوں میں ذرائع آمدن میں اضافہ کرنے کے لئے مزید قابل عمل تجاویز مرتب کریں اس سلسلے میں تمام اہداف کو زمینی حقائق کے مطابق رکھا جائے تاکہ بجٹ میں کسی خسارے کا احتمال نہ رہے ۔