آر پی او فیصل آباد کا دورہ چنیوٹ ،لالیاں میں کھلی کچہری کا انعقاد
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد ذیشان اصغر نے ضلع چنیوٹ کا دورہ کیااور لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے تھانہ کانڈیوال سرکل لالیاں میں کھلی کچہری کا انعقادکیا۔۔۔
جس میں ڈی پی او عبداللہ احمد،ایس پی انویسٹی گیشن محمد سلیم خٹک، دیگر پولیس افسران اور علاقہ کے لوگوں کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ آر پی او نے کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے مسائل کو سنا اور فوری دادرسی کیلئے احکامات جاری کئے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرپی او ذیشان اصغر کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کا مقصد لوگوں کے ساتھ رابطے میں رہنا اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے ، شہریوں کو تھانہ کی سطح پر فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں۔ امن و امان کے قیام،قانون کے برابر نفاذ اور بروقت انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ دریں اثناءریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد نے بسلسلہ فارمل انسپکشن تھانہ کانڈیوال کا دورہ کیا اور اس دوران تھانہ کی عمارت،حوالات، مالخانہ، فرنٹ ڈیسک اور ریکارڈ کا معائنہ کیا۔آر پی او نے تھانہ کا ریکارڈ چیک کرتے ہوئے اسے اپ ٹو ڈیٹ رکھنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں آر پی او نے ڈی پی او دفتر میں پولیس افسران سے میٹنگ کی جس میں ڈی پی او عبداللہ احمد،ایس پی انویسٹی گیشن،ڈی ایس پیز،ایس ایچ اوز اور دیگر افسران بھی موجود تھے ،دوران میٹنگ ضلع چنیوٹ میں امن و امان کی صورتحال،کرائم کی شرح کا جائزہ لیاگیاجبکہ انہوں نے ضروری ہدیات بھی جاری کر دیں ۔ آر پی او نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایاجائے ،پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری لاتے ہوئے دفاتر،تھانہ جات میں خلق خدا کی دادرسی کو یقینی بنایاجائے ۔