کمالیہ :ذخیرہ اندوز مافیاسرگرم،چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ
کمالیہ (نمائندہ دنیا )کمالیہ میں ذخیرہ اندوز مافیاسرگرم،چینی کی قیمت میں مسلسل اضا فہ ،ہول سیل مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران 50 کلو کا تھیلا 600 روپے مہنگا ہوگیا، پرچون میں فی کلو 195 سے 200 روپے تک فروخت ہونے لگی۔
تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث کمالیہ میں ذخیرہ اندوز مافیا نے چینی کی قیمتیں بڑھا دیں، ایک ہفتے کے دوران 50 کلو کا تھیلا 600 روپے مہنگا ہو گیا جس کے بعد اس کی قیمت 9 ہزار 50 روپے ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں فی کلو چینی 181 روپے اور گلی محلوں میں 195 سے 200 روپے تک فروخت ہو رہی ہے ۔ چینی کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث اس سے تیار کی جانیوالی مٹھائی، بیکری مصنوعات اور دیگر اشیاءکی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ چینی کا کاروبار کرنے والوں کا کہنا ہے کہ انہیں شوگر ملز سے چینی مہنگی مل رہی ، سٹہ مافیا نے بھی قیمت میں اضافہ کر دیا،حکومت کوڈیلرز کیخلاف کارروائی کرنی چاہیے ۔ شہریوں نے کہا ہے کہ سبزی، پھل اور دیگر اشیائے خورونوش کے بعد اب چینی کی قیمت بھی آسمان پر پہنچ گئی، حکومت ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے ۔