ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل ہیں : میاں فراز منیر
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو1122 میاں فراز منیر نے مون سون بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالہ سے ریسکیو آفس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں منعقد اجلاس میں بریفنگ دیتے ہو ئے۔۔۔
بتایاکہ ممکنہ سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے ریسکیو سٹاف کی تیاریاں مکمل ہیں ، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو کے تما م آلات بالکل ٹھیک حالت میں ہیں اور کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نبرد آزما ہونے کیلئے ریسکیو 1122 کا عملہ ہر دم تیار ہے ، اس حوالہ سے ہیڈسدھنائی کے مقام پر عملہ کی ٹریننگ اور موٹر بوٹس کی چیکنگ کیلئے مشقیں بھی کی گئی ہیں ،جس میں ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا ، کشتیاں و دیگر ضروری آلات بھی استعمال کئے گئے ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میا ں فراز منیرنے مزیدبتایا کہ افسران اور اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے فرضی مشقوں کا انعقاد وقت کا ناگزیرتقاضہ ہے ،ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 ،سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ ادارے چوکس رہیں ، لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے کی جانے والی مشقوں میں تسلسل کو برقرار رکھا جائے ۔ انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارتوں اور عملی اقدامات کو سراہا۔