جعلی حکومت نے عوام کا جینا محال کردیا ہے : جماعت اسلامی
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے کارکنوں نے حافظ نعیم الرحمن کی کال پر مہنگی بجلی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ اور شوگر مافیا کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے سلسلہ میں فیصل آبادمیں بھی نمازجمعہ کے بعد شہربھرمیں مرکزی مساجدکے باہرپرامن احتجاجی مظاہرے کئے ۔
جامع مسجد مجاہد ہسپتال کے سامنے والے مظاہرہ کی قیادت ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کی جبکہ ریلوے سٹیشن کے سامنے ہونے والے مظاہرہ کی قیادت میاں طاہر ایوب،خالدمحمودچودھری، میاں آصف اسلام نے کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہاکہ فارم 47 سے مسلط جعلی حکومت نے عوام کا جینا محال کردیا ہے ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا اتحاد اور ان کی جانب سے شوگر مافیا کی مکمل سرپرستی ملک و قوم کے لیے تباہ کن ثابت ہورہی ہے ۔