چنیوٹ :ڈی پی او کی نماز جمعہ کے موقع پر کھلی کچہری
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کے اقدامات جاری ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداﷲ احمد نے جامع مسجد فاروق اعظم، محلہ منڈی شیخاں میں جمعہ کے موقع پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
جس میں ایس ایچ او تھانہ سٹی، انچارج کمپلینٹ سیل، پولیس افسروں اور نمازیوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ڈی پی او عبداﷲ احمد نے شہریوں کے مسائل سنے اور فوری حل کی یقین دہانی کروائی، جبکہ متعلقہ افسران کو درخواستوں کی دادرسی اور فالو اپ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے پنجاب پولیس کی مختلف سروسز سے متعلق شرکا کو بریفنگ دی اور کہا کہ مسجد میں کھلی کچہری لگانا سنتِ نبوی ﷺ ہے تاکہ عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کیے جا سکیں۔ڈی پی او نے شہریوں پر زور دیا کہ معاشرتی و اخلاقی برائیوں اور جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع پولیس کو دیں اور کسی بھی شکایت کے لیے ڈی پی او چنیوٹ کے نمبر 0323-7543444 پر رابطہ کریں۔ اہلِ علاقہ نے مساجد میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔