سندر : نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہری جاں بحق
لاش ضروری کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل
لاہور( کرائم رپورٹر )لاہور کے علاقے سندر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت دانش گجر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر دانش گجر پر فائرنگ کی اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں لاش کو ضروری کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جن میں دیرینہ دشمنی سمیت قتل کے دیگر ممکنہ محرکات کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے ۔ علاقے سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق واقعہ میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔