ایف ڈی اے میٹریل ٹیسٹنگ لیبارٹری کو جدید بنانے کے اقدامات
فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ایف ڈی اے کی میٹریل ٹیسٹنگ لیبارٹری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے اقدامات جاری ہیں اور متعدد انتظامی اصلاحات مکمل کر لی گئی ہیں۔
قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے اجلاس میں لیبارٹری کی کارکردگی اور اصلاحات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر انسپکشن و پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عاصم محمود، سب انجینئر احسن محبوب اور دیگر سٹاف موجود تھے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لیبارٹری کے عملے کو شناخت اور حفاظتی اقدامات کے تحت مخصوص یونیفارم فراہم کر دئیے گئے ہیں۔ سیمپلز کی باقاعدہ ٹیگنگ اور محفوظ سیلنگ کی جا رہی ہے جبکہ سڑکوں اور عمارات کے میٹریل کے تجزیہ فیس میں مناسب اضافہ کیا گیا ہے ۔قیصر عباس رند نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ لیبارٹری کا ماحول شفاف اور انتظام منظم رکھا جائے ۔ سیمپلز کی ٹیگنگ اور سیلنگ میں کوئی کوتاہی نہ ہو جبکہ تجزیہ میں اعلیٰ تکنیکی صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں تاکہ نتائج پر مکمل اعتماد برقرار رہے ۔ انہوں نے مشینری، آلات اور کیمیکلز کی حفاظت اور تمام ریکارڈ اپ ڈیٹ رکھنے کی بھی ہدایت کی۔