شہر سے غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کا خاتمہ نہ ہوسکا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ اور فیصل آباد پارکنگ کمپنی کی غفلت سے شہر بھر کے مختلف علاقوں میں موجود غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کا خاتمہ نہ ہوسکا ۔
کسی بھی علاقے میں فیس ادائیگی کے بغیر موٹرسائیکل یا گاڑی کھڑی کرنا ممکن نہ رہا تفصیلات کے مطابق فیصل آباد شہر میں درجنوں مقامات پر غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز موجود ہیں ایسے پارکنگ سٹینڈز کا نہ تو کوئی ٹھیکہ ہوتا ہے اور نہ ہی کوئی سرکاری اجازت نامہ ،پارکنگ سٹینڈز پر آنے والی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں سے غیر قانونی طور پر زبردستی پرچی فیس وصول کی جاتی ہے ۔ شہر کے مختلف پارکس شاپنگ سنٹرز ہسپتالوں اور نجی کلینکس سمیت مختلف جگہوں پر ایسے غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز موجود ہیں مگر ضلعی انتظامیہ اور فیصل آباد پارکنگ کمپنی کی جانب سے ایسے پارکنگ سٹینڈز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ایسے پارکنگ سٹینڈز سے موٹرسائیکلوں سے پٹرول چوری ہونے کے واقعات بھی معمول بن چکے ہیں ۔شہریوں کاکہناہے کہ گاڑی یا موٹرسائیکل پر گھر سے نکلیں تو شہر میں کسی بھی جگہ پر پیسے ادا کئے بغیر موٹرسائیکل یا گاڑی کھڑی نہیں کر سکتے مختلف جگہوں پر جانا ہو تو ایک ہی روز میں چار سے پانچ مختلف جگہوں پر غیر قانونی پرچی فیس ادا کرنی پڑتی ہے جس میں غیرقانونی پارکنگ سٹینڈز کی پرچیاں بھی شامل ہوتی ہیں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز سے ایک جانب تو شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جاتا ہے تو دوسری جانب سرکاری خزانے کو بھی نقصان پہنچایا جاتا ہے مگر ضلعی انتظامیہ اور فیصل آباد پارکنگ کمپنی گھوڑے بیچ کر سورہی ہے ۔ پرچی فیس کی عدم ادائیگی پرغیر قانونی پارکنگ سٹینڈ عملے کی جانب سے بدتمیزی اور زبردستی کی جاتی ہے اگر گاڑی پارک کرنے کی بجائے ڈرائیور گاڑی کے اندر ہی موجود رہے تب بھی پیسے دینے پڑتے ہیں یا دوسری صورت میں گاڑی مذکورہ جگہ سے آگے پیچھے لے جانی پڑتی ہے ۔ شہر میں پارکنگ کمپنی کے سٹینڈز سمیت غیر قانونی نجی پارکنگ سٹینڈز بھی موجود ہیں ۔