نوسربازی کے واقعات بڑھنے لگے، پولیس ناکام

 نوسربازی کے واقعات بڑھنے لگے، پولیس ناکام

فیصل آباد(عبدالباسط سے )فیصل آباد کے بس اڈوں، ریلوے سٹیشن، ہسپتالوں، پارکوں اور دیگر پبلک پوائنٹس پر نوسر بازی کے واقعات بڑھنے لگے۔ نو سر بازوں کی جانب سے خود کو پولیس اور حساس اداروں کے ملازمین، روحانی شخصیات ظاہر کرتے ہوئے اور دیگر طریقوں سے شہریوں کو اپنے جھانسے میں لےکران سے رقوم، زیورات اور دیگر سامان ہتھیائے جانے کے واقعات آئے روز سامنے آنے لگے۔

ان ہاٹ سپاٹ ایریاز میں نوسر بازی اور فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات سے متعلق متعدد شکایات سامنے آنے کے باوجود بھی متعلقہ پولیس ملوث عناصر کی پکڑ دھکڑ اور ان واقعات کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان کے تیسرے اور پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد میں بس اڈوں، ہسپتالوں، پارکس، ریلوے سٹیشن اور دیگر پبلک پوائنٹس پر شہری آئے روز نوسر بازوں کا شکار بننے لگے ہیں۔ خصوصی طور پر بیرون ممالک، اور بیرون اضلاع سے آنے والے مسافروں کو نوسر بازوں کی جانب سے خود کو پولیس ملازمین اور حساس اداروں کے افسر ظاہر کرتے ہوئے روک کر تلاشی لینے کے بہانے انکے سامان سے زیورات، نقدی، ملکی اور غیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی سامان چوری کئے جانے کے واقعات آئے روز سامنے آتے رہتے ہیں۔ نوسر بازوں کی جانب سے روحانی شخصیات کا روپ دھار کر بھی شہریوں کو انکے پھنسے ہوئے کام کروانے اور دیگر انعامات کا جھانسہ دے کر اپنی باتوں میں الجھا لیا جاتا ہے اور نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی سامان ہتھیانے کے بعد موقع سے راہ فرار اختیار کر لی جاتی ہے ۔ ایسے واقعات کے متاثرین کی جانب سے بتائے جانے والے حلیہ جات میں ملزمان کا حلیہ بالکل ایک ہی جیسا ہوتا ہے ۔ جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ایک ہی گینگ کے ملزمان کی جانب سے مختلف علاقوں میں نوسر بازی کی وارداتیں کی جاتی ہیں ۔ ایک ہی حلیے والے ملزمان کی جانب سے نوسر بازی کی شکایات سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ ملزم بار بار انہیں علاقوں میں گھوم پھر رہے ہوتے ہیں، لیکن پولیس اور متعلقہ ادارے ان تک پہنچنے میں ناکام رہتے ہیں۔ سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے ان ملزمان کی شناخت اور پکڑ دھکڑ کیلئے کئے گئے اقدامات ناگزیر دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ قیمتی جان و مال کا تحفظ ہوسکے تاہم سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کے مطابق شہریوں کی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کیلئے بہتر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں