پی ایچ اے کی غفلت،پارکس اور گرین بیلٹس کی حالت خراب

پی ایچ اے کی غفلت،پارکس اور گرین بیلٹس کی حالت خراب

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے ) فیصل آباد کی غفلت کے باعث شہر کے بیشتر پارکس اور گرین بیلٹس زبوں حالی کا شکار ہیں۔ ملازمین کی غیر حاضری معمول بن چکی ہے۔

 جبکہ متعدد پارکس سے برقی موٹریں، تاریں اور لائٹس چوری ہو چکی ہیں۔ مناسب کٹائی اور دیکھ بھال نہ ہونے سے گھاس اور پودے خراب ہو گئے ہیں، گرین ایریاز پر تجاوزات قائم ہیں اور شہریوں نے محکمے کی نجکاری کا مطالبہ کر دیا ہے ۔پی ایچ اے عملی کام کے بجائے کاغذی کارکردگی دکھانے میں مصروف ہے ۔ کمشنر یا ڈپٹی کمشنر کی میٹنگز میں افسر تھری ڈی تصاویر اور ڈرون شاٹس کے ذریعے منصوبے پیش کرتے ہیں لیکن زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ بیشتر افسر اپنا وقت دفاتر یا گھروں میں گزارتے ہیں اور سرکاری سہولیات سے لطف اندوز ہوتے ہیں، فیلڈ میں جا کر پارکس کی حالت دیکھنا ان کی ترجیح نہیں۔کئی پارکس ایسے ہیں جہاں روشنی کا کوئی انتظام نہیں، بعض میں پانی کی موٹریں تک غائب ہیں۔ سینکڑوں پارکس اور گرین بیلٹس میں طویل عرصے سے پودوں کی کانٹ چھانٹ یا گھاس کی کٹائی نہیں ہوئی۔ نہ نئے پھول لگائے گئے اور نہ ہی گرین ویسٹ صاف کیا گیاپارکس اجڑے چمن کا منظر پیش کر رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں