ایمان کی اصل بنیاد خدمت، محبت اور قربانی ہے :آصف رضا

ایمان کی اصل بنیاد خدمت، محبت اور قربانی ہے :آصف رضا

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کا فیض صدیوں سے قلوب و اذہان کو نورِ ایمان سے منور کر رہا ہے ۔

 آپؒ کا کردار صبر، حلم، ایثار اور خدمتِ خلق کا عملی نمونہ تھا، جس نے برصغیر میں محبت، رواداری اور اخوت کے چراغ روشن کیے ۔یہ بات پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر و ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر طارق آباد میں منعقدہ لنگر کیمپ کے شرکاء سے خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ آپؒ نے حق و صداقت کی بنیادیں مضبوط کیں اور لاکھوں لوگوں کو دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا ذریعہ بنے ۔ آپؒ کی تصنیف کشف المحجوب آج بھی سالکینِ حق کے لیے مینارۂ نور ہے ، جبکہ خانقاہ علم، محبت اور خدمتِ خلق کا مرکز رہی۔پروفیسر آصف رضا قادری نے مزید کہا کہ ایمان کی اصل بنیاد خدمت، محبت اور قربانی ہے اور آپؒ کا فیض تاقیامت اہلِ محبت کے دلوں کو منور کرتا رہے گا۔تقریب میں ڈویژنل جنرل سیکرٹری حافظ محمد یاسر قادری المدنی، میاں محمد فیاض قادری، حافظ کامران، ڈاکٹر قیصر مجید، حافظ فیض رسول و دیگر شریک تھے ۔ لنگر تقسیم سے قبل ملکی ترقی، سلامتی اور معاشی استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں