شورکوٹ: اسسٹنٹ کمشنر کا متاثرہ علاقوں کا دورہ، راشن تقسیم
حکومت متاثرین کے مسائل کے حل کیلئے ہنگامی اقدامات کر رہی: شازیہ رحمان
شورکوٹ (نمائندہ دنیا )اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ شازیہ رحمان نے موضع علیخانہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا اور متاثرہ خاندانوں میں امدادی راشن تقسیم کیا۔تحصیل دار شورکوٹ راشد مجید کلو اور سروے ٹیم کے ارکان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے علاقے میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متاثرہ گھروں، فصلوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کا معائنہ کیا۔انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر محترمہ شازیہ رحمان نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کی فہرست جلد از جلد مکمل کی جائے اور امدادی عمل کو تیز کیا جائے تاکہ کوئی مستحق خاندان امداد سے محروم نہ رہ جائے ۔