پہلی بار قومی ذیابیطس کنٹرول پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ
سال 2027میں مساجد کے ذریعے آگاہی اور اسکریننگ کا ماڈل او آئی سی کے 57ممالک تک پھیلانے کا منصوبہ ڈی اے پی کے زیر اہتمام ایک روزہ کانفرنس،ماہرین کا ہر تیسرے شہری کے ذیابیطس میں مبتلا ہونے پر تشویش کا اظہار
کراچی(این این آئی) پاکستان میں ذیابیطس کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابو پانے کے لیے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی سطح پر ’’ذیابیطس پریونشن اینڈ کنٹرول پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس کا آغاز رواں ماہ اسلام آباد سے ہوگا۔ دوسری جانب مساجد کے ذریعے ذیابیطس سے آگاہی اور اسکریننگ کواسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 57 رکن ممالک میں متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے ، جس کا آغاز 2027ء کے اوائل میں پاکستان سے ہوگا۔ان خیالات کا اظہار ڈائیابیٹیز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ڈی اے پی) کے زیر اہتمام عالمی یومِ ذیابیطس کے موقع پر کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ماہرینِ امراضِ ذیابیطس نے کیا۔ ۔ڈائیابیٹیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر عبدالباسط نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت اور وزارتِ صحت کے اشتراک سے ملک میں پہلی مرتبہ ذیابیطس کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے باقاعدہ قومی پروگرام ترتیب دیا گیا ہے ، یہ پروگرام تین سے پانچ سال کے مختلف مراحل پر مشتمل ہوگا۔ اس کا بنیادی مقصد عوام میں آگاہی پیدا کرنا اور شہریوں کو ریپڈ اسکور کے ذریعے ذیابیطس کے خطرے کی ابتدائی اسکریننگ کے قابل بنانا ہے ۔ پروگرام کے اگلے مراحل میں ملک بھر میں ذیابیطس سے بچاؤ، تشخیص اور علاج معالجے کی سہولیات بھی قائم کی جائیں گی۔
ان کے مطابق پروگرام کے اجرا کے لیے قائم کمیٹی کے اراکین کی تفصیلات آئندہ ایک سے دو ہفتوں میں سامنے آجائیں گی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائیابیٹیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی نائب صدر پروفیسر شبین ناز مسعود نے کہا کہ پاکستان میں ہر تیسرا شہری ذیابیطس کا شکار ہے ، جبکہ خواتین میں حمل سے قبل اور دورانِ حمل بلڈ شوگر کی بروقت تشخیص اور کنٹرول نہ ہونے کے باعث ماں اور بچے دونوں کی صحت متاثر ہوتی ہے اور آئندہ نسلوں میں بھی ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ حمل کے دوران ہونے والی ذیابیطس کو معمولی سمجھ کر نظرانداز کرنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے ، کیونکہ بروقت تشخیص اور علاج نہ ہونے کی صورت میں ایسی خواتین میں تین سے چار سال کے اندر مستقل ٹائپ ٹو ذیابیطس پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔ڈائیابیٹیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نائب صدر برائے اکیڈمکس پروفیسر ایم زمان شیخ نے کہا کہ پاکستان 33 فیصد شرحِ پھیلاؤ کے ساتھ دنیا میں ذیابیطس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہوچکا ہے ۔انہوں نے زور دیا کہ ذیابیطس کی تشخیص کے پہلے دن سے ہی ادویات کے ساتھ ورزش، جسمانی سرگرمی اور ویٹ ٹریننگ کو معمول بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments