الائیڈ ہسپتال ٹو :مریض دو ایمرجنسی عمارتوں میں رُلنے لگے
میڈیکل سے شعبہ سرجیکل ایمرجنسی بھجوا کر مشکلات بڑھانے کا سلسلہ جاری
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)الائیڈ ہسپتال ٹو میں انتہائی نگہداشت کے مریض ایمرجنسی کی دو عمارتوں کی درمیان رلنے لگے ۔ رجسٹریشن کی عدم سہولت پرمیڈیکل ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کے لواحقین کو اندراج کیلئے سرجیکل ایمرجنسی بھجوا کر مشکلات بڑھانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ الائیڈ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے میڈیکل ایمرجنسی کو چند ماہ قبل سرجیکل ایمرجنسی سے الگ کرکے پرانے لیور سنٹر کی عمارت میں منتقل کردیا گیا تاہم رجسٹریشن کا عمل تاحال سرجیکل ایمرجنسی میں ہی موجود ہے۔
میڈیکل ایمرجنسی میں لائے گئے مریضوں کے لواحقین کو پہلے رجسٹریشن کیللئے دوسری عمارت میں بھجوایا جاتا ہے جبکہ اسی طرح ایکسرے ، الٹرا ساؤنڈ سمیت دیگر ٹیسٹوں کیلئے مریضوں کو میڈیکل ایمرجنسی سے سرجیکل ایمرجنسی تک لانا پڑتا ہے جس سے انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال کے دونوں ایمرجنسی شعبہ جات میں یکساں سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ انکی مشکلات کا ازالہ ہوسکے ۔