ترقیاتی کام :ہر ہفتے دو ہزار فٹ پائپ لائن بچھانے کی ہدایت
سست روی کا مظاہرہ کرنے پر کنٹریکٹرز کو نوٹسز جاری کئے جائیں:ایم ڈی واسا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے ترقیاتی سکیموں میں ہر ہفتے دو ہزار فٹ پائپ لائن بچھانے کی ڈیڈ لائن جاری کردی اور ہدایت کی ہے کہ جبکہ سست روی کا مظاہرہ کرنے والے کنٹریکٹرز کو نوٹسز جاری کئے جائیں۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری سکیموں کی ڈویلپمنٹ پراگریس ریویو میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی سکیموں پر پائپ لائنز بچھانے کے تعمیراتی کاموں کی سپیڈ کو مزید تیز کیا جائے کیونکہ دسمبر کے اختتام تک 70فیصد پراگریس ہونی چاہئے۔
ایم ڈی واسا نے مزید کہا کنسلٹنٹ ایجنسی نیسپاک تعمیراتی کاموں کی کڑی نگرانی کرے اور ہفتہ وار پراگریس رپورٹ دے اور کسی بھی سکیم پر2 ہزار فٹ سے کم لائن نہیں ہونی چاہئے ۔ ا سلو پراگریس کی حامل ترقیاتی سکیموں کے کنٹریکٹرز کو لیٹر لکھا جائے کہ وہ اپنے کاموں کی سپیڈ کو مزید تیز کریں جس کیلئے لیبر کی تعداد اور مشینری کو بھی بڑھایا جائے ۔ ایم ڈی واسانے واضح کیا کہ جو کنٹریکٹر کام نہیں کررہے انہیں فارغ کر دیا جائے اور اس سکیم کا نیا کنٹریکٹ جاری کر دیں گے ۔انہوں نے نومبر کے اختتام تک مشینری بھی فیصل آباد پہنچانے کے اقدامات کرنے کی تاکید بھی کی۔