غیر قانونی پٹرول فروخت کیخلاف شہریوں کی شدید تشویش

غیر قانونی پٹرول فروخت کیخلاف شہریوں کی شدید تشویش

گلی محلوں اور رش والی جگہوں پر بغیر حفاظتی اقدامات کھلے عام فروخت جاری

ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا )دھاندرہ، سدھار، ٹھیکریوالا، پینسرہ اور نواحی علاقوں میں غیر قانونی پٹرول فروخت کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث عوام شدید تشویش کا شکار ہیں۔ ان علاقوں میں سڑکوں کے کنارے ، گلی محلوں اور رش والی جگہوں پر بغیر حفاظتی اقدامات کے پلاسٹک کین، بوتلیں اور غیر محفوظ ٹینکیوں میں پٹرول کی کھلے عام فروخت جاری ہے ، جس سے کسی بھی وقت بڑا حادثہ رونما ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں غیر قانونی پیٹرول ایجنسیوں کے خاتمے میں ناکام ہیں۔

متعدد شکایات کے باوجود غیر قانونی دکانوں کے خلاف کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں کی گئی۔ بعض عناصر چند روپے کمیشن کیلئے گھروں میں بھی پٹرول ذخیرہ کر رہے ہیں، جو کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتا ہے ۔شہریوں نے کہا کہ پٹرول کی یہ غیر قانونی فروخت نہ صرف عوام کی جان و مال کے لیے خطرہ ہے بلکہ حکومتی قوانین کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر، کمشنر فیصل آباد اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لے کر غیر قانونی پٹرول فروخت کے دھندے کے خاتمے ، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی اور مذکورہ علاقوں کو ممکنہ حادثات سے محفوظ بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں