چناب نگر:نان و روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا
بعض دکانوں پر وزن میں کمی کی شکایات ،شہریوں کا اظہار تشویش
چناب نگر (نامہ نگار)شہر میں نانبائیوں نے نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔ نان کی نئی قیمت 30 روپے جبکہ روٹی کی قیمت 20 روپے مقرر کی گئی ہے ، جو اس سے قبل بالترتیب 20 روپے اور 15 روپے میں دستیاب تھیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں نانبائی دکانوں پر نئی قیمتوں کا اطلاق رپورٹ کیا گیا ہے ۔ شہریوں کے مطابق بعض دکانوں پر وزن میں کمی کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ آٹے اور میدہ کی قیمتوں میں کمی کے باوجود نان و روٹی کے نرخ بڑھا دئیے گئے ہیں۔
مختلف علاقوں سے شہریوں نے قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے نانبائیوں سے مبینہ طور پر مک مکا کر رکھا ہے ، جس کی وجہ سے پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس اب تک نہیں بلایا گیا اور نہ ہی کسی نانبائی دکان کی چیکنگ کی گئی۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نان اور روٹی کی قیمتوں کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے اور سرکاری نرخوں کی پابندی کو یقینی بنایا جائے ۔