پولیس لائنز میں کرائم میٹنگ، سنگین جرائم کی روک تھام پر زور
سنگین مقدمات کی تفتیش میں ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لائیں:سٹی پولیس آفیسر
تاندلیانوالہ (نمائندہ دنیا )سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر کی زیر صدارت پولیس لائنز کمیونٹی انگیجمنٹ سینٹر میں صدر ڈویژن کے افسروں کے ساتھ اہم کرائم میٹنگ منعقد ہوئی۔ اجلاس میں ایس پی صدر ڈویژن محمد طاہر، ڈی ایس پی سرکل تاندلیانوالہ اعجاز احمد، متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسروں نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سی پی او نے افسروں کو ہدایت کی کہ سنگین مقدمات کی تفتیش میں ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لائیں، ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائیں اور زیرِ تفتیش مقدمات کو جلد از جلد مکمل کریں۔صاحبزادہ بلال عمر نے کہا کہ جرائم کی روک تھام، پیشہ وارانہ تفتیش، شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی اور پبلک سروس ڈیلیوری کے معیار کو بلند رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے ایس پی صدر ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ تھانہ جات میں پٹرولنگ، چیکنگ، پینڈنگ کیسز میں کمی اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائیں۔