نجی سکیورٹی کمپنی کے الائیڈ ہسپتال ٹو اور جھنگ کے ملازمین 2ماہ کی تنخواہوں سے محروم

نجی سکیورٹی کمپنی کے الائیڈ ہسپتال ٹو اور جھنگ کے ملازمین 2ماہ کی تنخواہوں سے محروم

وزیر صحت کے حکم پر گارڈز کو ادھورا ریلیف، ڈی ایچ کیو چنیوٹ میں تنخواہوں کی ادائیگی کردی گئی ، کمپنی نے حکومت کی طے کردہ 40 ہزار روپے اجرت پر بھی عملدرآمد نہیں کیا، حکام سے نو ٹس کا مطالبہ

فیصل آباد(بلال احمد سے )نجی سکیورٹی کمپنی کا وزیر صحت کے حکم پر گارڈز کو ادھورا ریلیف، ڈی ایچ کیو چنیوٹ میں تنخواہوں کی ادائیگی کردی، الائیڈ ہسپتال ٹو فیصل آباد اور جھنگ کے ہسپتال میں اسی کمپنی کے سکیورٹی گارڈز 2 دو ماہ کی تنخواہ سے محروم، نوبت فاقوں تک آگئی۔فیصل آباد ڈویژن کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں سکیورٹی گارڈز فراہم کرنے والی نجی کمپنی کا تنخواہوں کی ادائیگی کا نظام درہم برہم ہے ۔ چند روز قبل وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی جانب سے چنیوٹ کے دورے کے دوران تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر اظہار برہمی کیا گیا جس پر کمپنی نے محض دکھاوے کیلئے ڈی ایچ کیو چنیوٹ کے سکیورٹی گارڈز کو 3 ماہ کی رکی ہوئی تنخواہیں یکمشت ادا کردیں تاہم الائیڈ ہسپتال، الائیڈ ہسپتال ٹو سمیت نہ صرف فیصل آباد بلکہ جھنگ میں بھی سکیورٹی گارڈز تاحال دو ماہ کی تنخواہوں سے محروم ہیں ۔

کمپنی نے تاحال پنجاب حکومت کی طے کردہ 40 ہزار روپے اجرت پر بھی عملدرآمد نہیں کیا ۔ذرائع کے مطابق تنخواہوں نے تاخیر سے ادائیگی کے باعث ہسپتالوں میں چائے پانی طلب کرنے کا نظام عام ہو چکا ہے اور سکیورٹی گارڈز کی جانب مریضوں سے جلد کام کروانے ، راستوں سے داخلے کے لیے پیسے طلب کیے جاتے ہیں۔شہریوں نے محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے وہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آڈٹ کروائے ۔نجی کمپنی کی انتظامیہ کا دعویٰ ہے حکومت کی جانب سے ان کے چیک کلیئر نہیں کیے جا رہے جس کے باعث مالی مشکلات ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں