اجتماع عام کے تشہیری بینرز ،بورڈاتارنے کی شدیدمذمت
ضمنی الیکشن پر سرکاری امیدواروں کے پوسٹرز، بینرز پر انتظامیہ کی آنکھیں بند انتظامیہ باز نہ آئی تو کارکن اپنے بینرزکی خود حفاظت کریں گے :محبوب الزماں
فیصل آباد(سٹی رپورٹر،سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ،جنرل سیکرٹری یاسرکھاراایڈووکیٹ نے پی ایچ اے کی طرف سے اجتماع عام کے تشہیری بینرز اوربورڈاتارنے کی شدیدمذمت کرتے کہاہے کہ ایک طرف سارا شہرمیں ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے سرکاری امیدواروں کے پوسٹرز، بینرز سے بھرا پڑا ہے جو ویسے بھی انتخابی ضابطہ اخلاق کی صریحاً ورزی ہے لیکن انتظامیہ نے اس پر آنکھیں بند کررکھی ہیں ۔بیوروکریسی شاہ سے شاہ کی وفاداری میں اپنے اصل فرائض بھول گئی ہے ۔انتظامیہ باز نہ آئی تو جماعت اسلامی کے کارکن اپنے بینرزکی حفاظت کیلئے خود میدان میں نکلیں گے اور کسی ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ دارانتظامیہ ہو گی۔انہوں نے کہا پرامن سیاسی و سماجی سرگرمیوں کی ترویج ہر جماعت اور ہر شہری کا بنیادی اور آئینی حق ہے جس میں رکاوٹ جمہوری اقدار کے منافی ہے ۔جماعت اسلامی منظم، پرامن اور نظریاتی سیاسی جماعت ہے جس کے جلسے ، اجتماعات اور دعوتی سرگرمیاں آئین کے دائرہ کار میں رہتے کی جاتی ہیں۔ اپنی پرامن جدوجہد، دعوتی مشن اور عوامی خدمت کے سفر کو ہر حال میں جاری رکھیں گے ۔