فیصل آباد میں ٹریٹمنٹ پلانٹ کا سنگ بنیاد ، زرعی استعمال کیلئے 33 ملین گیلن پانی صاف کیا جائیگا
صوبائی وزیر بلال یاسین ، ڈنمارک کی سفیرنے حکومتی اشتراک سے منصوبے کا افتتاح کیا،پنجاب کا پہلا ٹریٹمنٹ پلانٹ 56ارب سے 2028تک مکمل ہوگا، بائیو گیس سے 3میگاواٹ بجلی بھی پیداکی جائیگی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد میں پنجاب کے پہلے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا56ارب روپے سے یہ منصوبہ اکتوبر 2028تک مکمل کیا جائیگا ۔ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ فیز 1 کی کنسٹرکشن سائٹ پر تقریب میں وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین اور ڈنمارک کی سفیر مایا مورٹینسن نے منصوبے کا افتتاح کیا۔ ڈنمارک اور پنجاب حکومت کے اشتراک سے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ۔ڈنمارک کی سفیر نے کہا مزید منصوبوں میں تعاون کو آگے بڑھائینگے۔ بلال یاسین نے کہا منصوبے سے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اوریہ فیصل آباد میں ماحولیاتی آلودگی خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا زرعی استعمال کیلئے صاف پانی میں اضافہ ہوگا۔
یومیہ 33ملین گیلن ویسٹ واٹر کو صاف کیا جا سکے گا ، بہت جلد اس طرز پر لاہور میں بھی بڑا ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پراجیکٹ لایا جا رہا ہے ۔عالمی ادارہ صحت اور یورپی ممالک کے معیارات کے مطابق پانی صاف کیا جائے گا محکمہ ہاؤسنگ کے تحت واسا فیصل آباد منصوبے کو مکمل کرائے گا ، اس سے بائیو گیس کے ذریعے 3 میگاواٹ بجلی بھی پیداکی جائیگی۔ فیصل آباد میں 10ارب سے زائد کے ترقیاتی کام جاری ہیں اور 12 ارب کے نئے منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے واسا پنجاب کے تحت ویسٹ اور سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس دیگر اضلاع میں بھی بنائے جائینگے۔