آر پی او فیصل آباد کا دورہ جھنگ، کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا
منشیات فروشوں اور قمار بازوں کیخلاف نتیجہ خیز کار کردگی درکار :سہیل اختر
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے ضلع جھنگ کا دورہ کیا، جس کا آغاز تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں منعقدہ کھلی کچہری سے ہوا۔ اس دوران آر پی او نے شہریوں کے مسائل بغور سنے اور شکایات کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے ۔ کھلی کچہری کے دوران ڈی پی او جھنگ کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی بھی آر پی او کے ہمراہ موجود تھے۔
بعد ازاں آر پی او نے پولیس لائنز جھنگ میں یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول کی چادر چڑھائی اور بہادر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اسی موقع پر آر پی او کی زیر صدارت پولیس دربار بھی منعقد ہوا، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پولیس افسروں سے خطاب کرتے آر پی او سہیل اختر نے واضح ہدایات جاری کیں منشیات فروشوں اور قمار بازوں کیخلاف نتیجہ خیز اور عملی کارکردگی ہر صورت درکار ہے ۔