ایف ڈی اے کا آ پریشن ، عارضی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا
کارروائی میں تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان قبضہ میں لے لیا گیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد اصف چودھری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر انتظام رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے ۔ اس سلسلے میں اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مدینہ ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں کے بازاروں سے عارضی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔کارروائی کے دوران تجاوزات میں استعمال ہونے والا کاروباری سامان قبضے میں لے کر ذمہ داران کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں جمع کرا دیے گئے ۔آپریشن ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی نگرانی میں اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں انسپکٹر محمد اسلم انصاری اور دیگر عملے نے کیا۔ ٹیم نے مدینہ ٹاؤن کے زیڈ بلاک، ایڈن ویلی چوک اور چک 204 روڈ پر چیکنگ کے دوران دیکھا کہ بعض دکانداروں نے اپنی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے سامان سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر رکھ کر راستے بلاک کر رکھے تھے ، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر اور عوام کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا تھا۔