میئر کی مین ہولز پر ڈھکنوں کی فوری تنصیب کی ہدایت
مہم میں تمام ٹاؤنز اور علاقوں کو بلا استثناء شامل کیا جائے ،مرتضیٰ وہاب چڑیا گھر میں خدمات بہتر بنانے کے لئے ضروری عملے کی بھرتی کا فیصلہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر میں مین ہولز کی نشاندہی، مرمت اور محفوظ ڈھکنوں کی تنصیب کیلئے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر آپریشن شروع کرنے کی ہدایت جاری کردی ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اس مہم میں شہر کے تمام ٹاؤنز اور علاقوں کو بلا استثناء شامل کیا جائے ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کے دوران میئر کراچی نے شہر بھر میں مین ہولز کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور بغیر ڈھکن یا ٹوٹے پھوٹے مین ہولز سے شہریوں کو درپیش سنگین خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل میں کسی بھی ناگہانی واقعے سے بچنے کیلئے تمام محکمے مشترکہ اور مربوط حکمتِ عملی اختیار کریں۔میئر نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو فوری طور پر 1000 مین ہولز کے ایم سی کے محکمہ سٹی وارڈن اور محکمہ انجینئرنگ کے حوالے کرنے کی ہدایت کی ۔دریں اثنامیئر نے جمعہ کو کراچی چڑیا گھر کا اہم دورہ اور منعقدہ اجلاس کی صدارت کی جس میں ادارے کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا اور بہتری کیلئے تیز رفتار حکمتِ عملی مرتب کی گئی۔ میئر نے تمام خدشات پر بات کرتے ہوئے واضح ہدایات کیں کہچڑیا گھر میں خدمات بہتر بنانے کے لئے فوری طور پر لازمی عملے کی بھرتی کا آغاز کیا جائے ۔