ایف ڈی اے کی سروسز میں جدید اصلاحات کا سلسلہ جاری

 ایف ڈی اے کی سروسز میں جدید اصلاحات کا سلسلہ جاری

جائیدادوں کی مطلوبہ ٹاؤن پلاننگ رپورٹس رئیل ٹائم میں آن لائن جاری کی جا رہیں بلڈنگ پلان، تکمیلی رپورٹس اور کورٹ کیس تفصیلات بھی فوری چیک ہونے لگیں

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ایف ڈی اے کی سروسز میں جدید اصلاحات کے جاری سلسلے میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے ، جس کے تحت اب ایف ڈی اے کے زیر انتظام ہاؤسنگ کالونیوں میں جائیدادوں کی مطلوبہ ٹاؤن پلاننگ رپورٹس رئیل ٹائم میں آن لائن سسٹم کے ذریعے جاری کی جا رہی ہیں۔ اس جدت سے تیز رفتار سروس ڈیلیوری کے معیار میں اضافہ ہوا ہے جبکہ درخواست گزاروں کا قیمتی وقت بھی بچنے لگا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے ایک اجلاس میں اصلاحاتی اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ آن لائن رپورٹنگ سسٹم کے نفاذ سے محکمانہ کارکردگی مزید موثر ہوئی ہے ۔ اجلاس میں چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈپٹی ڈائریکٹر عبداللہ نور سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ایف ڈی اے کی جائیدادوں کا ریکارڈ پنجاب اربن لینڈ سسٹم انحاسمنٹ (پلس)سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس کی بدولت تمام ضروری تفصیلات اور کوائف آن لائن دستیاب ہیں، اور محکمانہ کارروائی نہایت آسان ہو گئی ہے ۔مزید برآں اس نظام کی مدد سے کسی بھی جائیداد کے بلڈنگ پلان کی منظوری، تکمیلی رپورٹ، کورٹ کیس اور دیگر امور کو فوری طور پر چیک کرنا ممکن ہو گیا ہے ۔ سسٹم کے تمام شعبوں سے منسلک ہونے کے باعث اب آن لائن شعبہ جاتی رپورٹس بھی فی الفور جاری کی جا رہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں