ٹرانسپورٹرز کی کامیاب ہڑتال عوامی طاقت کا مظہر :میاں اعجاز

 ٹرانسپورٹرز کی کامیاب ہڑتال عوامی طاقت کا مظہر :میاں اعجاز

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) مرکزی رہنما نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان میاں اعجاز حسین نے ٹرانسپورٹروں کی کامیاب ہڑتال پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ احتجاج عوامی طاقت اور ٹرانسپورٹرز کے اتحاد کا واضح ثبوت ہے ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت موٹر وہیکل آرڈیننس میں بھاری چالان جرمانوں کے \"ظالمانہ فیصلے \" کو فوری طور پر واپس لے ۔میاں اعجاز نے کہا کہ حکومت کا چھوٹی ٹرانسپورٹ کے ساتھ غیر منصفانہ رویہ، بلاجواز چالان اور پابندیاں ویگنوں، رکشاؤں اور کیری ڈبوں سے وابستہ ہزاروں خاندانوں کے روزگار پر کھلا حملہ ہے ۔ اسی ناانصافی کے خلاف 14 دسمبر 2025 کو پنجاب بھر سے رجسٹرڈ ویگن، رکشہ اور پک اینڈ ڈراپ ٹرانسپورٹ کے ذمہ داران کا بڑا جرگہ فیصل آباد میں بلایا جا رہا ہے ، جس میں احتجاجی مظاہروں، ریلیوں اور پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنے جیسے اقدامات کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچاس سال پنجاب پر حکومت کرنے کے باوجود آج انہیں ٹریفک سسٹم درست کرنے کا خیال آیا ہے ۔ آج کی ہڑتال مزدا ایسوسی ایشن سے اظہارِ یکجہتی تھی۔ ہماری سیاست اب سڑکوں سے شروع ہوگی اور ظالمانہ فیصلوں کی واپسی تک جاری رہے گی۔ ویگن اور رکشہ مالکان لاوارث نہیں کہ کبھی انہیں سی این جی پر منتقل کرنے ، کبھی ڈیزل پر لانے اور اب اچانک الیکٹرک پر شفٹ کرنے کے تجربات کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں