جھنگ:ریونیو کورٹس عملاً بند، شہری پریشانی کا شکار ہو گئے
ریونیو اپیلوں کی سماعت، اندراج اور دیگر عدالتی کارروائیاں متاثر ہو رہی ہیں
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا )ایڈیشنل کمشنر ریونیو جھنگ اور ایڈیشنل کمشنر فیصل آباد، جو اس وقت جھنگ کیمپ آفس میں تعینات ہیں، کئی روز سے ریونیو کورٹس کے باقاعدہ انعقاد سے قاصر ہیں۔ ریونیو کورٹس نہ بیٹھنے کے باعث سینکڑوں میلوں سے آئے سائلین شدید پریشانی کا شکار ہیں اور ان کے مقدمات میں تاخیر بڑھ رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق مذکورہ افسر عدالتی معاملات کی بجائے انتظامی امور کو ترجیح دے رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ریونیو اپیلوں کی سماعت، اندراج اور دیگر عدالتی کارروائیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ ایڈیشنل کمشنر ریونیو جھنگ کے دفتر میں کئی روز سے ریونیو اپیلیں دائر نہیں کی جا رہی اور وکلا کی ہڑتال کے عذر کی بنیاد پر سائلین کو واپس بھیجا جا رہا ہے ۔شہریوں نے شکایت کی ہے کہ ریونیو کورٹس کے نہ چلنے سے زمینوں کے معاملات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور انہیں مالی و قانونی نقصان کا سامنا ہے ۔ شہریوں نے چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر فیصل آباد ڈویژن سے فوری اصلاح کا مطالبہ کیا ہے ۔