یو سی پی میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے متعلق سیمینار
کشمیری نوجوانوں کے جذبہ قربانی کوخراج عقیدت :سلمان غنی ودیگر کاخطاب
لاہور (سٹاف رپورٹر )فیکلٹی آف میڈیا اینڈ ماس کمیونی کیشن یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں انسانی حقوق کا عالمی دن بھرپور طریقے سے منایا گیا۔سیمینار کے مہمان خصوصی سینئرصحافی و تجزیہ کار روزنامہ دنیا کے ایگزیکٹو گروپ ایڈیٹر سلمان غنی ( ستارہ امتیاز ) ،یوتھ فورم فار کشمیر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر طارق احسان غوری اور اینکر پرسن اسامہ غازی تھے ۔ فیکلٹی آف میڈیااینڈ ماس کمیونی کیشن کے ڈین ڈاکٹر فواد بیگ ڈیپارٹمنٹ آف فلم اینڈ ڈیجیٹل میڈیا کے ہیڈڈاکٹر عاطف اشرف ، اسامہ غازی نے گفتگو کی ۔ سلمان غنی نے برہان وانی اور کشمیری نوجوانوں کے جذبہ قربانی اور آزادی کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ طارق احسان غوری نے اقوام متحدہ سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سلبی،بھارتی جرائم اور سنگین خلاف ورزیوں پر ایکشن کا مطالبہ کیا۔ سیمینار کے اختتام پر مہمانوں کو خصوصی سووینئرز پیش کئے گئے جبکہ یوسی پی ٹی وی کے سربراہ عرفان اسلم اور سیمینار میں شریک طلبا وطالبات کو شیلڈز اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا ۔