ٹھیکریوالا :رہائشی علاقوں میں خالی پلاٹس کوڑا کرکٹ کے ڈھیر
کوڑا تعفن، مچھروں کی افزائش اور مختلف موذی امراض کا سبب بن رہا :مکین
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا )ستھرا پنجاب پروگرام کے عملے کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کے باعث ٹھیکریوالا کے مختلف رہائشی علاقوں میں خالی پلاٹس کوڑا سٹینڈ میں تبدیل ہو گئے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق عملہ صفائی اپنے پسندیدہ علاقوں اور مخصوص گھروں سے تو باقاعدگی سے کوڑا اٹھاتا ہے ، لیکن سلامت چوک، کرم دین چوک، ناظر حسین چوک، ناصر ٹاؤن اور اطراف کی گلیوں میں کئی روز تک صفائی نہیں ہوتی، جس کے باعث شہری مجبوراً قریبی خالی پلاٹس میں کوڑا پھینکنے پر مجبور ہیں۔رہائشیوں نے بتایا کہ جمع شدہ کوڑا شدید تعفن، مچھروں کی افزائش اور مختلف موذی امراض کا سبب بن رہا ہے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے ، غیر ذمہ دار صفائی عملے کے خلاف کارروائی کرنے اور علاقے میں باقاعدہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔