سال کی آخری پولیو مہم کاآغاز،ساڑھے 4کروڑ بچے ہدف
مہم15تا 21دسمبر جا ری رہیگی،رواں سال 30بچے متاثر ہو ئے مسلسل ویکسینیشن سے کیسز صرف 2ہندسوں تک محدود ہیں، وزیر صحت
اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفی کمال نے رواں سال کی پانچویں اور آخری قومی پولیو مہم کا آغاز کر دیا جس کے تحت 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ، انہوں نے مہم کا آغاز نیشنل ای او سی کوآرڈینیٹر محمد انوار الحق کے بیٹے سمیت دیگر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر کیا ۔سات روزہ قومی پولیو مہم 15 تا 21 دسمبر جاری رہے گی۔ وزیر صحت نے کہا اس سال 30 بچے پولیو کا شکار ہوئے تاہم مسلسل ویکسینیشن کی بدولت آج پولیو کے کیسز ہزاروں کی بجائے صرف دو ہندسوں تک محدود ہیں۔ والدین، مذہبی رہنما، عوامی نمائندے اس حوالے سے اپنی ذمہ داری ادا کریں۔ پنجاب میں 2 کروڑ 30 لاکھ ، سندھ میں 1 کروڑ 6 لاکھ ، خیبرپختونخوا میں 72 لاکھ ، بلوچستان میں 26 لاکھ، آزاد کشمیر میں 7 لاکھ 60 ہزار ، جی بی میں 2 لاکھ 28 ہزار اور اسلام آباد میں 4 لاکھ 60 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔